16/10/2026
پاکستانی ماڈل اسرا عائشہ نے کا کہنا تھا کہ انہیں اب تک زندگی میں تقریباً 60 سے 70 شادی کے رشتوں کی پیشکش ہو چکی ہے، جن میں رشتہ داروں اور دوستوں کے ذریعے آنے والے رشتوں کے علاوہ شادی شدہ مردوں کی جانب سے ملنے والی پیشکشیں بھی شامل ہیں۔
اسرا عائشہ نے بتایا کہ اُن کی دادی کی دلی خواہش تھی کہ ان کی شادی اپنے پہلے کزن سے ہو جائے، تاہم دادی یہ خواہش پوری کیے بغیر دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
ماڈل کے مطابق، ان کی دادی اکثر اپنے بیٹے کے گھر آ کر ان کے چچا کے بیٹے کا رشتہ پیش کرتی تھیں، جس پر وہ دادی سے کہتی تھیں کہ وہ جب چاہیں گھر مہمان بن کر آئیں، لیکن شادی کی بات نہ کریں۔
اسرا عائشہ نے بتایا کہ انہیں ایک سیاست دان کی جانب سے بھی شادی کی پیشکش ہوئی تھی۔ اُس شخص نے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کرنے پر گاڑیوں، کریڈٹ کارڈز، ایندھن اور سفر سمیت مختلف آسائشیں فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم، چونکہ وہ پہلے سے شادی شدہ تھا، اس لیے اسرا نے یہ پیشکش قبول کرنے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں کئی شادی شدہ مردوں کی جانب سے بھی رشتے کی پیشکشیں موصول ہوئیں۔ امریکا میں مقیم ایک شادی شدہ شخص نے بھی ان سے شادی کی خواہش ظاہر کی اور دعویٰ کیا کہ اس کی بیوی نے اسے دوسری شادی کی اجازت دے دی ہے۔
ماڈل نے واضح کیا کہ وہ کسی دوسرے کے گھر اور خوشیوں کو نقصان پہنچا کر اپنی زندگی نہیں بسانا چاہتیں۔ ان کے مطابق، وہ ایسے شخص سے شادی کرنا چاہتی ہیں جو خواتین کی عزت کرے اور رشتے میں وفاداری کو اہمیت دے۔